پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
شائع شدہ تاریخ 16 جون, 2023
اسحاق ڈار کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے اور آج کئی اخبارات نے رپورٹ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے کا اضافہ اور پیٹرول کی قیمت میں چند پیسوں کی کمی ہو گی، میں حیران ہوں کہ میڈیا کو پتہ نہیں یہ خبریں کیسے ملیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا اوگرا نے جو تجاویز دیں اس کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جو آج کے اخبارات میں اضافہ رپورٹ ہوا تھا وہ اضافہ نہیں ہے۔
وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 262 روپے اور ڈیزل کی قیمت 253 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164روپے 7پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 147 روپے 68 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔