’ن لیگ سمیت کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے نہیں بھاگ سکتی‘
شائع شدہ تاریخ 15 مارچ, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دو صوبوں میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے تو آئین، قانون اور ریاست جاندار ہوگی۔ 75 سالوں میں پہلی بار دو صوبوں میں الیکشن ہو رہے ہیں دو میں نہیں۔ اس حوالے سے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بطور صدر ن لیگ کہنا چاہتا ہوں کہ اس الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے کیونکہ ن لیگ سمیت کوئی بھی جماعت اس الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی ورنہ اس کا وجود ختم ہوجائے گا۔ اس لیے پارٹی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ہدایت کرچکا ہوں اور کاغذات نامزدگی جمع کرائے بھی جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو لکھ کر دیا کہ ہمارے ہاں سیریس تھریٹس ہیں۔ صوبے میں دہشتگردی حالیہ کچھ ماہ میں واپس آئی ہے اس سے پہلے وہاں دہشتگردی تھم چکی تھی۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے انتخابات کا فیصلہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں فیصلہ ہوا تھا کہ دوبارہ سے مردم شماری کرائی جائے۔ بعض سیاسی جماعتوں کو گزشتہ مردم شماری پر تحفظات تھے۔ وزرائے اعلیٰ کو بھی مردم شماری پر تحفظات ہیں۔