یوسف رضا گیلانی ایک بار پھر نااہل

شائع شدہ تاریخ 03 مارچ, 2021
یوسف-رضا-گیلانی-ایک-بار-پھر-نااہل

اسلام آباد: تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کردی۔ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست ای سی پی میں دائر کردی ہے، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی انتخابی عمل میں کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کو سپریم احکامات پر کارروائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی گیلانی نے اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ سمجھایا، انہوں نے پریس کانفرنس میں اعتراف جرم کیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف شروع سے انتخابی اصلاحات کی بات کرتی آئی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کرپشن کی سیاست کو فروغ دیتے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی سینیٹ انتخابات سے قبل سامنے آنے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کی تحقیقات میرٹ پر ہوں گی، واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کی مبینہ ویڈیو سامنے آئی تھی۔