گیلانی پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر
شائع شدہ تاریخ 16 اپریل, 2021
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فردِجرم عائد کرنے کی کارروائی 18 مئی تک مؤخر کر دی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں 1 ملزم فاروق اعوان کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق نیب رپورٹ پیش نہ کی جا سکی جس کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ ملزمان پر یونیورسل سروسز فنڈ کی اشتہاری مہم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دینے کا بھی الزام ہے۔