کوئٹہ، گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 4بچے،2خواتین جاں بحق
شائع شدہ تاریخ 07 مارچ, 2023
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے سرکی کلاں میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے6 افراد کے علاوہ گیس دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
ریسکیو کی کارروائیوں میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حصہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ سلنڈر پھٹنے کے باعث صبح سویرے ساڑھے 4بجے کے قریب ہوا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
گزشتہ روز دھماکہ بلوچستان کے علاقے بولان میں کنبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے نزدیک ہوا۔حکام کا کہنا تھا کہ اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کے بعد کوئٹہ جارہے تھے۔