کراچی: مفت پیٹرول نہ دینے پر پولیس اہلکاروں کا ملازمین پر تشدد
شائع شدہ تاریخ 19 نومبر, 2022
کراچی کے علاقے سچل میں پولیس اہلکاروں نے مفت پیٹرول نہ دینے پر پمپ ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ شہر قائد کے علاقے سچل مدارس چوک کے قریب پولیس اہلکاروں نے گاڑی میں پیٹرول ڈلوایا جب ان سے پیسے مانگے گئے تو ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وردی میں ملبوس اہلکار ملازمین پر تشدد کر رہے ہیں۔ بعدازاں پیٹرول پمپ کے ملازمین اہلکاروں کے خلاف درخواست لے کر سچل تھانے پہنچے تو وہاں سے انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ ادھر عزیز آباد اور حسین آباد جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن گئے ہیں، علاقے میں اسٹریٹ کرائمز اور چوری کی وارداتیں روز کا معمول بن گئیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کوئی مخصوص گروپ کافی عرصے سے علاقے میں سرگرم ہے، موبائل فون اسنیچنگ اور گاڑیوں سے ساؤنڈ سسٹم، سائیڈ گلاسز کی چوری معمول بن گئی ہے۔