کراچی: سپر اسٹور میں لگی آگ پر 21 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، دیواروں میں دراڑیں پڑنے لگیں
شائع شدہ تاریخ 02 جون, 2022
کراچی میں جیل چورنگی کے قریب واقع سپر اسٹور میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر 21 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی آگ کو مختلف مقامات سے بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم بیسمنٹ میں جانے کا راستہ نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سینئر فائر آفیسر عارف منصوری کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں لگی آگ پر 80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے تاہم دھویں کی وجہ سے رضا کاروں کو اندر جانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ عارف منصوری کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور میں آگ بجھانے کے انتظامات تھے اور نا ہی کہیں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود تھا۔ سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں کہیں کہیں آگ کے شعلے ہیں تاہم امید ہے اگلے 6 گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے، مسلسل آگ کی وجہ سے متاثرہ عمارت کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث اسے تیسرے درجے کی قرار دیکر عمارت کے رہائشیوں کو باہر نکال لیا گیا تھا، آگ کے دھویں سے متاثر ہو کر 4 افراد بے ہوش بھی ہوئے تھے جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔