کامران ٹیسوری نے سندھ کے 34 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

شائع شدہ تاریخ 11 اکتوبر, 2022
کامران-ٹیسوری-نے-سندھ-کے-34-ویں-گورنر-کی-حیثیت-سے-حلف-اٹھالیا

کامران ٹیسوری نے سندھ کے 34 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ گورنرہاؤس کراچی میں 34 ویں گورنر سندھ کی تقریب حلف برادری منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے نومنتخب گورنر کامران ٹیسوری سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی، صوبائی وزراء، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ ایم کیو ایم کے کئی سینئر رہنما حلف برداری کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے صرف ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،وسیم اختر اور خواجہ اظہار تقریب میں شریک ہوئے۔ گورنر کیلئے تجویز کئے گئےعامر خان، کشورہ زہرہ، نسرین جلیل اور عامر چشتی بھی غیر حاضر رہے۔ ایم کیو ایم کے وفاقی وزراء امین الحق اور فیصل سبزواری نے بھی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ خیال رہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز محمد کامران ٹیسوری کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔ گورنر سندھ کاعہدہ عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی بطور قائم مقام گورنر فرائض انجام دے رہے تھے۔