ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تدفین آج ہو گی

شائع شدہ تاریخ 10 جون, 2022
ڈاکٹر-عامر-لیاقت-حسین-کی-تدفین-آج-ہو-گی

کراچی : پاکستان کی معروف شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا سفرِ آخرت شروع ہوگیا ، تدفین آج نمازِ جمعہ کے بعد عبداللّٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ جامع مسجد عبداللّٰہ شاہ غازی میں ادا کی جائے گی ۔ ان کی تدفین عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی ۔ عامر لیاقت کی قبر ان کے والدین کی قبروں کے پہلو میں بنائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عامر لیاقت حسین کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ جمعہ دوپہر 2 بجے جامع مسجد عبداللّٰہ شاہ غازی کلفٹن پر ادا کی جائے گی اور وہیں مزار کے احاطے میں ان کی تدفین ہوگی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید بتایا کہ مرحوم کے دونوں وارثین احمد اور دعا عامر نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کردیا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق مرحوم کو عزت و احترام کے ساتھ ان کی آخری آرام گاہ تک لے جایا جائے گا۔ سیدہ بشریٰ نے کہا کہ آپ سب سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے، اللّٰہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے، آمین۔ https://twitter.com/DrBushraIqbal/status/1534984516238032897?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1534984516238032897%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fgnnhd.tv%2Furdu%2Fnews%2F15679 واضح رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت گزشتہ روز قضائے الہٰی سے انتقال کرگئے تھے ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے ، ان کی رہائش کراچی کے علاقے خداد داد کالونی میں تھی۔ عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ تھیں جن سے ان کے دو بچے ہیں جن میں ایک بیٹا احمد اور بیٹی دعا شامل ہیں تاہم 2020 میں بشریٰ نے عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔