چین نےبھی دہلی کانفرنس میں شرکت سےانکار کردیا
شائع شدہ تاریخ 10 نومبر, 2021
پاکستان کے بعد چین نے بھی دہلی میں افغانستان کی صورتحال پر غور کے لیے علاقائی قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین پہلے سے طے شدہ دیگر مصروفیات کی وجہ سے دہلی علاقائی سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت نہیں کرپائے گا۔ چین نے اجلاس سے صرف 2 روز قبل افغانستان کے حوالے سے ہونے والی اجلاس میں شرکت سے باضابطہ انکار کیا۔ افغانستان کی صورت حال پر غور و خوص کے لیے دہلی علاقائی سکیورٹی ڈائیلاگ کی صدارت بھارت کے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کریں گے جس میں ایران اور روس کے علاوہ پانچ وسط ایشیائی ممالک قازقستان، کرغیز جمہوریہ، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے قومی سلامتی مشیروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ بھارت نے پاکستان کو بھی افغان علاقائی سکيورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن پاکستان نے شرکت کرنے سے واضح طورپر انکار کردیا تھا۔ پاکستان کے قومی سلامتی مشیر معید یوسف نے کہا تھا کہ ایک بگاڑ پیدا کرنے والا ملک آخر امن قائم کرنے کی کوشش کیسے کر سکتا ہے۔