چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری
شائع شدہ تاریخ 22 مارچ, 2023
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ اس لیے معطل کیے کہ عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ عمران خان پر امن طریقے سے عدالت میں پیش ہوں۔
جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے آئی جی پولیس اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر چکے ہیں۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو حکم دیا کے اس کیس کو عمران خان کے دیگر کیسز سے منسلک کردیں، جس کے بعد عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے ساتھ توہین عدالت کیس کو بھی منسلک کردیا گیا۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔