چھوٹا سا واقعہ کراچی اورحیدرآباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے
شائع شدہ تاریخ 14 جنوری, 2023
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پرکشیدگی پرگہری تشویش کااظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے 15 جنوری کو انعقاد پر سیاسی جماعتوں کےدرمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دو سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کے حق میں تو دو اس کی مخالف ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کےمعاملے پرتصادم کا خدشہ ہے، بعض شرپسند عناصر صورت حال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تصادم اورامن وامان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کوئی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اورحیدرآباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے، سیاسی جماعتوں اورالیکشن سےمتعلقہ دیگر فریقین کومعاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضاکو ڈی فیوزکرنےکی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ حالات کی سنگینی کا نوٹس لیں، آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے۔