چوہدری نثار کا میڈیا کے سامنے سیاسی حکمت عملی کا انکشاف کرنے کا اعلان
شائع شدہ تاریخ 28 مارچ, 2022
سابق وزیرداخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہوں اور میڈیا نمائندوں کے سامنے اپنی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔ نجی ٹی وی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال سے کسی میڈیا کو انٹرویو نہیں دیا، میڈیا پر میرے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ سیاسی مستقبل سے متعلق سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میڈیا کے تمام نمائندگان کو دعوت دوں گا اور اپنی نئی سیاسی حکمت عملی کا انکشاف میڈیا کے سامنے کروں گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل چوہدری نثار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وضاحت کی تھی کہ عمران خان سے کالج کے زمانے سے دوستی ہے لیکن ان کی اپنی سیاست ہے اور میری اپنی سیاست ہے، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے آئندہ الیکشن ڈٹ کر لڑوں گا۔