پہلا ون ڈے: ویسٹ انڈیز کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
شائع شدہ تاریخ 08 جون, 2022
پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز چیلنجنگ ہوگی، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتا، ہر سیریز اہم ہے اور آج کے میچ میں محمد حارث ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔