پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھا لیا

شائع شدہ تاریخ 06 اگست, 2022
پنجاب-کابینہ-کے-21-ارکان-نے-حلف-اٹھا-لیا

پنجاب کابینہ کے 21 ارکین نے دوپہر 12 بجے حلف اٹھا لیا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزراء سے حلف لیا۔ پنجاب کابینہ کے اراکین کی حلف برداری آج بروز ہفتہ 6 اگست کو گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی، جس کی بھرپورتیاریاں کی گئی تھیں۔ حلف برداری کی تقریب میں آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری ظہیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ارکان کا کابینہ میں شامل نہ ہونا قیادت کا آپس کا فیصلے ہے، کابینہ سے حلف لینا گورنر پنجاب کا آئینی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل وزراء بہت قابل ہیں اور اچھا کام کریں گے۔ کون کون شامل ہے حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، سردار محسن لغاری، محمد بشارت راجہ، میاں محمودالرشید، راجہ یاسر ہمایوں، انسر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، ڈاکٹر مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد، خرم شہزاد ورک، ہاشم ڈوگر، آصف نکئی، علی افضل ساہی، نواب زادہ منصور علی خان، حسین جہانیاں گردیزی، غضفر عباس چھینہ، لطیف نذر، سردار حسنین بہادر دریشک اور تیمور ملک شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے 4 معاون خصوصی اور 3 مشیر مقرر کیے ہیں۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر بن گئے ہیں۔ پرویز الٰہی کی کابینہ میں تجربہ کار اور بڑے نام آؤٹ، جب کہ 7 نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کا کوئی رکن وزیر نہیں۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے گورنر نے ہمارے وزراء کا حلف نہیں لیا تھا تو یہ اُن کا ظرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات کو برقرار رکھیں گے۔