پنجاب، کے پی انتخابات کے التوا کیخلاف درخواست پر سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا
شائع شدہ تاریخ 30 مارچ, 2023
پنجاب اور خیبر پختونخواہ صوبوں میں انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرنیوالے پانچ رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے مزید سماعت سے معذرت کر لی ہے جس کےبعد یہ بینچ ٹوٹ گیا ہے۔
آج جب مذکورہ درخواست کی ملتوی شدہ سماعت شروع ہو رہی تھی تو اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ جسٹس قاضی امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس قاضی امین الدین نے مزید سماعت سے معذرت کرلی اور کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد اس کیس کو سننے سے معذرت کرتا ہوں میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے فیصلے بعد بینچ کا حصہ نہیں رہناچاہتا۔
ان کے اس انکار کے بعد بینچ اٹھ کر واپس چلا گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں 30 اپریل کو شیڈول انتخابات کو ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ گزشتہ تین روز سے سماعت کر رہا تھا اور آج اس کی ملتوی شدہ سماعت دوبارہ ہونی تھی تاہم سماعت شروع ہونے سے قبل ہی بینچ ٹوٹ گیا ہے۔