پاک فوج کیخلاف توہین آمیز مہم: 20مقدمات درج، ریٹائرڈ میجر کی گرفتاری کی اجازت طلب
شائع شدہ تاریخ 18 اگست, 2022
وطن کے محافظوں اور ملکی سلامتی کی ضامن پاک فوج کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا۔ ٹرولنگ میں ملوث مرکزی کرداروں کو نوٹسز بھجوادیئے گئے جبکہ ریٹائر میجر کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا، تحقیقاتی ٹیم نے کیس میں وزارت داخلہ سے ایک ریٹائرڈ میجر کی گرفتاری کی اجازت مانگ لی۔ پاک فوج کیخلاف سوشل میڈیا پر گھناونی مہم چلانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، 250 سے زائد مبینہ کنگ ٹرولز کی پروفائلنگ حاصل کرلی۔ سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف مہم چلانے والوں کیخلاف 20 ایف آئی آر درج کر کے 135 نوٹسز جاری کردیئے گئے، سب سے اہم کردار راولپنڈی کے میجر (ر) ندیم ڈار کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرلیا گیا، تحقیقاتی ٹیم نے ان کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت مانگ لی۔ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مہم چلانے ولاے راولپنڈی کے عادل فاروق نامی ٹرولر کو 30 نوٹسز جبکہ لاہور کے عبدالشکور کے نام 25 نوٹسز جاری ہوئے اور ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے ٹرولر کاشف سعید کو 16 بار طلب کیا گیا، گوجرانوالہ سے علی فیصل بھی اس گھناؤنے کھیل میں شامل تھے، پاک فوج کیخلاف مہم پر سب سے زیادہ ایف آئی آرز بھی گوجرانوالہ میں درج کی گئیں۔ سماء کو موصول دستاویز کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 4، 4 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج ہوئے جبکہ کراچی میں 15 اور پشاور میں بھی 20 افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے۔