پاکستان: کورونا سے 71 اموات، یومیہ کیسز 2 ہزار سے نیچے آگئے
شائع شدہ تاریخ 01 جون, 2021
ملک میں کورونا سے مزید 71 افراد انتقال کرگئے جب کہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے کیسز 2 ہزار سے کم ہوکر 1700 پر آگئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 47633 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1771 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 71 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.71 فیصد رہی۔ پاکستان میں تقریباً تین ماہ بعد ایک روز میں کورونا کے 2 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے قبل 9 مارچ کو ایک روز میں 1786 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 20850 افراد انتقال کرچکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 22 ہزار 824 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 44 ہزار 638 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔