پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کی مرمت کے امریکی پیکج کے لیے راہ ہموار ہو گئی

شائع شدہ تاریخ 19 اکتوبر, 2022
پاکستان-کے-ایف-سولہ-طیاروں-کی-مرمت-کے-امریکی-پیکج-کے-لیے-راہ-ہموار-ہو-گئی

اسلام آباد : پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کی مرمت کے امریکی پیکج کے لیے راہ ہموار ہو گئی۔ امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی دیکھ بھال کے پیکج پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ امریکی انتظامیہ نے طیاروں کی مرمت کے پیکج کی گزشتہ ماہ منظوری دی۔ امریکی انتظامیہ کی منظوری کے بعد کانگریس کی توثیق لازمی تھی۔ پاکستان کو ملنے والے مرمتی پیکج پر بھارتی وزیر دفاع نے اعتراض اٹھا یا تھا جس پر  امریکی وزیر خارجہ نے  یہ کہتے ہوئے  اعتراضات یکسر مسترد کر دیے  کہ  پاکستان کا دفاعی پروگرام ملک یا اس خطے سے ظاہر ہونے والی دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بناتا ہے۔ ادھر ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر سینیٹرکرس وان ہالن نے پاکستان پر امریکی صدر کے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ بھی پاکستان کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات چاہتی ہے۔ صدر بائیڈن کا بیان بےساختہ تھا، امریکی پالیسی میں کوئی ردوبدل نہیں، امریکی محکمہ خارجہ کی وضاحت سے لگتا ہے کہ صدارتی بیان جان بوجھ کر نہیں دیا گیا تھا۔ پاکستان کے ساتھ مربوط و مستحکم تعلقات کےخواہاں ہیں۔ امریکی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان کو دی جانے والی ایمرجنسی امداد میں امریکا سب سے آگے رہا، امریکا مسلسل پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے کہ کس طرح مزید مدد کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب  امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی حکام باقاعدگی سے ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم ممالک ایسے ہیں جو پاکستان کی طرح دہشتگردی سے متاثر ہوئے ہوں۔ انسداد دہشت گردی ہمارے مشترکہ مفادات کا حصہ ہے۔ تحریک طالبان جیسی تنظیمیں خطے کیلئے خطرہ ہیں۔ عالمی اور علاقائی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کے ایکشن کی توقع رکھتے ہیں۔