پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی
شائع شدہ تاریخ 02 جنوری, 2026
ذرائع کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلادیش کی قومی ائیر لائن کو ڈھاکا سے کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلا دیشی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے ابتدائی طورپر بنگلادیش کی قومی ائیر لائن کو 30 مارچ 2026 تک پروازوں کی اجازت دی گئی ہے، بنگلادیشی ائیرلائن کو منظور شدہ روٹ پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو پاکستان ائیر اسپیس کے اندر طے شدہ روٹس پر پرواز کرنا ہوگی، ڈھاکا سے کراچی روانگی سے قبل فلائٹ کی مکمل معلومات کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کو دینا ہوں گی۔
ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پروازیں رواں ماہ شروع ہونے کا امکان ہے۔