پاکستان میں کوروناکی شرح 9.65 فیصد، مزید 32 افراد جان کی بازی ہار گئے
شائع شدہ تاریخ 01 فروری, 2022
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے شدید وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد انتقال کر گئےجب کہ مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی این سی او سی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 55202 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5327 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 32 افراد وائرس سے اپنی جان کی بازی ہار گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد رہی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 1500 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے اور ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29301 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 تک پہنچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3665 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 95 ہزار 390 ہو گئی ہے۔