وزیراعظم کی پنجاب میں 10کلو آٹے کا تھیلا400 روپے اور چینی 70 روپے کلو کرنے کی ہدایت
شائع شدہ تاریخ 20 اپریل, 2022
وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا جبکہ یہ ہنگامی اجلاس رمضان المبارک میں عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے بلایا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے عید تک ریلیف پیکج کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے پنجاب میں 10کلو آٹےکا تھیلا 550 سےکم کرکے 400روپےکرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے رمضان بازار اور یوٹیلٹی اسٹورزمیں فی کلوچینی کی قیمت 70 روپے مقرر کرنےکی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ باقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی یقینی بنانےکیلئے بلوچستان اورآزادکشمیر کی امدادکرے جبکہ وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو اضافی ادائیگی کرےگی۔ دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے اعلان کیا کہ پنجاب میں عوام کوآٹاسستاملےگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیمت فی الحال رمضان کیلئے مقررکی گئی ہے، حکومت روزانہ گندم کوٹہ21ہزارٹن فراہم کررہی ہے۔