وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ، قومی اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 10 بجے ہو گا
شائع شدہ تاریخ 09 اپریل, 2022
سپریم کورٹ کی طرف سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ ہو گا، ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ بھی شامل ہے۔ سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ موصول ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی سپیکر کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا حکم نامہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی صبح دوبارہ ساڑھے 10 بجے ہو گا۔ ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ شامل ہے، آرٹیکل 95 کے تحت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قرارداد پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔ قومی اسمبلی کے چھ نکاتی ایجنڈے میں وقفہ سوالات، دو توجہ دلاؤ نوٹس اور ایک نکتہ اعتراض شامل ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے اہم سیشن کے موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ریڈ زون جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں، غیر متعلقہ افراد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلہ بند رہے گا جبکہ منحرف اراکین اسمبلی کے لیے اضافی سکیورٹی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے بھی صبح 9 بجے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں حزب اختلاف کی جماعتیں اپنی حکمت عملی طے کریں گی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ کوکالعدم قرار دیتے ہوئے 9 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا تھا۔