وزیراعظم شہباز شریف کی نیب کے 3 ریفرنسز میں حاضری معافی درخواست منظور
شائع شدہ تاریخ 13 اپریل, 2022
نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی نیب کے تین ریفرنسز میں آج حاضری معافی کی درخواست عدالت نے منظور کرلی۔ عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی، جس کے بعد عدالت نے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیب کے تین ریفرنسز میں آج حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ وزیراعظم کی لیگل ٹیم نے احتساب عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ وزیر اعظم آج پیش نہیں ہوسکتے، عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت میں آج وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف نیب کے 3 کیسز کی سماعت ہونا تھی۔ احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس، رمضان شوگر مل ریفرنس کے علاوہ منی لانڈرنگ ریفرنس بھی سماعت کیلئے مقرر تھے۔