نسیم شاہ نے آسٹریلوی فاسٹ بولر کے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جما لیا
شائع شدہ تاریخ 12 جنوری, 2023
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شاندار آغاز کیا ہے اور آسٹریلوی فاسٹ بولر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے دنیا کو اپنی تیز رفتار بولنگ سے متاثر کیا اور بلے بازوں کو پریشان کیا ہے۔ اب انہوں نے آسٹریلوی فاسٹ بولر کا ایک عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے اس کے آگے اپنا نام درج کرا دیا۔ نسیم شاہ کیریئر کے ابتدائی 5 ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں اور انہوں نے آسٹریلوی پیسر ریان ہیرس کا ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ روز دوسرے ون ڈے میں انہوں نے تین کیوی بیٹرز کو آؤٹ کرکے 5 میچوں میں اپنی وکٹوں کی تعداد 18 کرلی۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر ریان ہیرس نے اپنے ابتدائی 5 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی پیسر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ابتدائی چار ایک روزہ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرکے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بنایا تھا۔