نثار کھوڑو بھاری اکثریت کے ساتھ سندھ سے سینیٹر منتخب

شائع شدہ تاریخ 10 مارچ, 2022
نثار-کھوڑو-بھاری-اکثریت-کے-ساتھ-سندھ-سے-سینیٹر-منتخب

کراچی : پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو بھاری اکثریت کے ساتھ سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔ 43سال سے سیاست کے میدان میں فعال ستر سالہ نثار کھوڑو پہلی بار سینیٹ کی نشست پر بھی کامیاب ہو گئے۔ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کہتے ہیں پی ٹی آئی کے چار ارکان نے ووٹ دیا، جلد کالا دور ختم ہونے والا ہے۔ جوکرنا ہے کر لو بعد میں موقع نہیں ملے گا۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آج دورے میں مدعو نہیں کیا تھا۔ زیادہ دن اب انہیں برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔ جو آپ نے کرنا تھا کر لیا، اب عوام ظلم کا حساب لیں گے۔ نومنتخب سینیٹر نثار کھوڑو نے ووٹ ڈالنے والوں سے اظہار تشکر کیا، کہا یکطرفہ مقابلہ تھا۔ ارکان اسمبلی کی جانب سے اعتماد کرنے پر مشکور ہوں۔ انتخابی میدان میں ناقابل شکست نثار کھوڑو 1988 سے 2018 تک مسلسل سات مرتبہ رکن سندھ اسمبلی  منتخب ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر، اپوزیشن لیڈر، اسپیکر سندھ اسمبلی کے منصب پر فائز رہے۔ پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سے لیکرصوبائی صدر کے عہدے پر بھی کام کیا ہے۔