مولانا فضل الرحمن کی جان کو خطرہ لاحق، تھریٹ الرٹ جاری
شائع شدہ تاریخ 31 اکتوبر, 2019
پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمن پر دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرملکی ایجنیسوں سمیت کالعدم تنظیمیں مولانا اور آزادی مارچ پر حملہ کرکے امن کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہیں۔ نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور ان پر دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ہے جس کے لیے سیکیورٹی اداروں اور خود مولانا فضل الرحمن کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ تھریٹ الرٹ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آزادی مارچ کے دوران جے یو آئی کے قائد پر حملہ ہوسکتا ہے، غیرملکی ایجنیسوں سمیت کالعدم تنظیمیں مولانا اور آزادی مارچ پر حملہ کرکے امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہیں، دہشت گردی کے لیے ٹارگٹ کلرز گروپس بھی متحرک ہیں۔ دریں اثنا محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے حکومت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔