مولانا فضل الرحمان کی طبعیت ناساز،مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ملتوی
شائع شدہ تاریخ 04 اپریل, 2021
مولانا فضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز ہے اور جمعیت علمائے اسلام نے مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جمیعت علمائے اسلام نے چھ اپریل کو مجلس شوریٰ کا اجلاس بلایا تھا۔ مولانا فضل الرحمان صاحب کےمکمل صحت یاب نہ ہونے پر مجلس شوری کا اجلاس ملتوی کیا گیا۔ جے یو آئی مرکزی مجلس شوری کےآئندہ اجلاس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیاجائےگا۔ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر علاج جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل بخار کے باعث گزشتہ روز مولانا کو ڈرپ بھی لگائی گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمن کو مکل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے بھی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا تھا۔ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے خیریت دریافت کی اور انہیں جلد صحت یابی کی دعا دی۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنے کا مشورہ دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ آصف علی زراری نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کررہا ہوں۔