منگل یا بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا، خواجہ آصف
شائع شدہ تاریخ 19 نومبر, 2022
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا، منگل یا بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت کا اپنے اتحادیوں یا عسکری قیادت سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اس مسئلے کو متنازع بنانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگائیں گے،وہ کہتے ہیں نیا آرمی چیف آئی جی پنجاب کی طرح ہوگا،اس سے کیس ختم کرائیں گے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان آرمی کے 5 یا 6 تھری اسٹار جنرلز پر سنگین الزام لگا رہے ہیں،ان جنرلز نے 35، 35 سال ملک کی خدمت کی ہے،ان کا شاندار کیریئر ہے،ان میں انیس بیس کا فرق نہیں، سب قابل احترام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے فوج کے استعمال کی روایت عمران خان نے اپنے مفادات کے لیے ڈالی،جب یہ کوشش ناکام ہوئی تو ان کا جھگڑا اس وقت شروع ہوگیا، جس قسم کے الزامات انہوں نے لگائے 75 سال میں کسی سیاستدان نے پاک فوج کی قیادت پر نہیں لگائے۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کا فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا ۔ اس حوالے سے وزیر اعظم مشاورت کر چکے ہیں۔