ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو، صدرِ مملکت نے سینیٹ کا اجلاس آج طلب کر لیا

شائع شدہ تاریخ 29 جولائی, 2022
ملک-کی-سیاسی-صورتحال-پر-گفتگو،-صدرِ-مملکت-نے-سینیٹ-کا-اجلاس-آج-طلب-کر-لیا

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کیلئے سینیٹ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کے روز دن 10 بج کر 30 منٹ پر ایوانِ بالا کا اجلاس طلب کیا جس کی طلبی آئین کی دفعہ 54(1) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے افغانستان جانے والے علماء وفد کے سربراہ مولانا مفتی تقی عثمانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ایوان صدر کے 4روز قبل جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے  مفتی تقی عثمانی کے ذریعے افغانستان کے طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے افغان طلبہ کو آن لائن تعلیمی سہولیات اور  ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے تعلیمی سہولیات کی پیشکش کا اعادہ کیا۔  صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تعلیمی مواد ٹیلی ویژن کے ذریعے طلبہ تک پہنچایا جا سکتا ہے، افغانستان میں خواتین کی تعلیم کیلئے خصوصی انتظامات کیے جاسکتے ہیں، اسلام میں خواتین کی تعلیم پر کوئی پابندی نہیں۔