مفتاح اسماعیل وزارت سے مستعفیٰ،اسحاق ڈار وزیرخزانہ نامزد
شائع شدہ تاریخ 26 ستمبر, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے مفتاح اسماعیل کے مستعفی ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔ لندن میں قائد ن لیگ نوازشریف کی زیرصدارت لیگی قائدین کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و قومی صورتحال پرغورکیا گیا۔ اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے نوازشریف کو استعفیٰ پیش کردیا جس کے بعد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے اسحاق ڈار کو وزیرِخزانہ کیلئے نامزد کردیا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزارت آپ کی امانت تھی،آپ نے ہی وزیربنایا تھا۔ 4 ماہ بھرپور صلاحیت سے کام کیا اور پارٹی وملک سے وفاداری نبھائی۔ اجلاس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ سابق دورمیں لگائی معاشی تباہی کی آگ حکومت کو بجھانا پڑی جبکہ نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح کی کوششوں کو سراہا۔