لاہور میں آج سے حضرت داتا گنج بخش ؒ کا عرس شروع

شائع شدہ تاریخ 15 ستمبر, 2022
لاہور-میں-آج-سے-حضرت-داتا-گنج-بخش-ؒ-کا-عرس-شروع

لاہور : جن کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا صاحب ؒ ہے، داتا گنج بخش ؒ کے 979 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات آج سے شروع ہو رہی ہیں۔ حضرت داتا صاحب تقریباً ایک ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھا ٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔ اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔ داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات 15 تا 17 ستمبر جاری رہیں گی۔ داتا صاحبؒ کے عرس پر لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی جارہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سج گئیں۔ ابتدائی طبی امداد کے لے ڈسپنسری، زائرین کے لیے 3 درجاتی سیکیورٹی اور کرونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ عرس سے قبل تصوف پر عالمی کانفرنس منعقد کی گئی ہے، جب کہ عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔ دوسری جانب لاہور میں حضرت داتا علی ہجویری کے 979 عرس کی مناسبت سے 17 ستمبر کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق 17 ستمبر 2022 بروز ہفتہ ضلع لاہور میں عام تعطیل ہوگی۔ اس تعطیل کا اطلاق صرف لاہور پر ہوگا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی منظوری سے ویلفیر ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ حضرت داتا گنج بخش کے979واں عرس کی سہ روزہ تقریبات 15ستمبر سے شروع ہوں گی اور 17ستمبر تک جاری رہیں گی۔ افتتاحی تقریب جمعرات 15ستمبر دن 11 بجے شروع ہوگی۔ رسم چادر پوشی اور دودھ کی سبیل سے تقریبات کا آغاز ہوگا۔ داتا گنج بخش کے عرس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ہوں گے۔ ڈی جی مذہبی امورو اوقاف طاہر بخاری نے بتایا کہ زائرین کے لئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کےلئے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ عرس کے دوسرے روز خصوصی محفل سماع ہوگی۔ عرس کے تینوں روز خصوصی محفل قرات و نعت کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔ طاہر بخاری نے بتایا کہ عرس کے دوسرے اور تیسرے روز جامعہ مسجد داتا دربار میں روزانہ کی بنیاد پر 4 علمی محافل منعقد کی جائیں گے۔