لاک ڈاؤن:غذائی اجناس کی فراہمی میں مسائل

شائع شدہ تاریخ 28 مارچ, 2020
لاک-ڈاؤن:غذائی-اجناس-کی-فراہمی-میں-مسائل

گندم کی مصنوعی قلت ،قیمت 1800 سے 2300روپے من ، چکیوں پر آٹا 3 روپے کلو مہنگا،گندم نہ ملنے پر بند ہونے لگیں،60 ٹن چینی بھی نہ پہنچ سکیآج سے آٹا کی سپلائی بڑھا دی:فلور ملز ایسوسی ایشن،ضلعی انتظامیہ نے 25 آٹا پوائنٹس دوبارہ فعال کر دئیے ،کوئی غذائی قلت پیدا نہیں ہونے دیں گے :ڈی سی لاہور: کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے غذائی اجناس کی فراہمی میں مسائل ہونے کے باعث آٹا کی مصنوعی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا،60ٹن چینی گزشتہ روز اکبری منڈی میں نہ پہنچ سکی، منافع خوروں نے صوبہ بھر کی غلہ منڈیوں میں مصنوعی قلت پیدا کرکے فی من گندم 1800 سے 2300روپے تک پہنچادی جس سے شہر میں چکی کا آٹا 62سے بڑھا کر65روپے کردیا گیا جبکہ گندم کی عدم دستیابی پر متعددچکیاں بند ہونے لگیں، دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے شہر میں آٹے کی سپلائی مزید 20ہزار تھیلے آج سے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ۔شہر کی 3ہزار سے زائد آٹا چکیوں پرلوگوں کا غیر معمولی رش بڑھ گیا۔ لاہور آٹا چکی مالکان ایسو سی ایشن کے صدر لیاقت علی ملک اور جنرل سیکرٹری عبدالرحمن نے کہا گندم کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی ہے ، 2300روپے من تک پہنچ چکی ہے ،گندم مہنگی ہونے پر آٹے کی قیمت 3 روپے کلو بڑھائی گئی۔ مرکزی چیئر مین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے بتایا 20ہزار تھیلے یومیہ مزید بڑھا رہے ہیں۔ دوسری طرف غذائی قلت ختم کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے 25 آٹا پوائنٹس دوبارہ فعال کر دئیے جہاں آٹے کے ٹرک موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنردانش افضال کے مطابق کوئی غذائی قلت پیدا نہیں ہونے دینگے ۔ بیگم کوٹ، شاہدرہ، کریم پارک، گلشن راوی، سبزہ زار، وحدت کالونی، میاں پلازہ جوہر ٹاؤن، چائنہ سکیم، چوہنگ ، ٹھوکر نیاز بیگ ،ماڈل بازار رائیونڈ ، ماڈل بازار شیر شاہ کالونی ، ماڈل بازار ہربنس پورہ ، مانگا، گرین ٹاؤن ، جلو موڑ، بھٹہ چوک اور اسلام پورہ میں آٹے کے ٹرک موجود ہیں ۔ادھر بیگم کوٹ کے مختلف ناکوں پر چینی کے ٹرک روک لئے گئے ۔چینی کے 1200تھیلے مارکیٹ نہ پہنچ سکے ۔صدر لاہور شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن امجد حسین نے کہا حکومت کو سپلائی چین کو ہر حال میں بحال رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ہونگے ۔