فہد ہارون وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر، کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری

شائع شدہ تاریخ 19 جنوری, 2023
فہد-ہارون-وزیراعظم-کے-معاون-خصوصی-مقرر،-کابینہ-ڈویژن-کا-نوٹیفکیشن-جاری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فہد ہارون کو وزیر اعظم کا معاونِ خصوصی مقرر کرتے ہوئے باضابطہ نوٹفیفکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر فہد ہارون کی تقرری کے بعد معاونینِ خصوصی کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی۔ فہد ہارون کا عہدہ وزیرِ مملکت کے برابر ہوگا۔ کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن میں واضح کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کیلئے معاونِ خصوصی برائے میڈیا افیئرز کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے فہد ہارون وزیر اعظم کے فوکل پرسن کے طور پر فرائض ادا کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں بھی فہد ہارون کو میڈیا اینڈ انفارمیشن کے شعبے میں مارچ 2020 میں فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا تاہم انہوں نے 2 سال قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اکتوبر 2021 میں مستعفی ہونے والے فہد ہارون کا کہنا تھا کہ میں نے ذاتی وجوہات کے باعث اپنے عہدے سے سبکدوشی کا فیصلہ کیا تاہم ذاتی وجوہات کے علاوہ عہدہ چھوڑنے کی کوئی اور وجہ بیان نہیں کی۔ قبل ازیں فہد ہارون مختلف ریڈیو اور ٹی وی چینلز کیلئے اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں فہد ہارون کے اضافے کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔