عمران خان نے قمر جاوید باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی آفر دینے کی تردید کر دی
شائع شدہ تاریخ 03 اپریل, 2023
نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے کہ میں نے قمر جاوید باجوہ کو لائف ٹائم ایکسٹینشن دینے کی بات کی، انہوں نے ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی اور وہ بہت دیر سے یہ پلان بنا رہے تھے۔
عمران خان نے بتایا کہ قمر جاوید باجوہ کی پوری سازش تھی ہمیں ہر جگہ کمزور کرنے کی، انہوں نے جان بوجھ کر ہماری سیٹیں کم کرائی تھیں، وہ شہباز شریف کو عقل مند سمجھتے تھے، ہمیں معلوم ہوگیا تھا کہ انہیں شہباز شریف نے آفر کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے ان سازشوں کا پتا چلتا رہا اور میں قمر جاوید باجوہ کو سارا وقت شک کا فائدہ دیتا رہا، جب بھی کہتا تھا کہ سازش ہو رہی ہے تو وہ کہتے تھے سب ٹھیک ہے۔
90 روز انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 90 دن دیکھ کر ہی اپنی دو صوبوں میں حکومتیں ختم کیں کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن بعد الیکشن ہوں گے، اگر 90 روز سے آگے نکلے تو یہ اکتوبر میں بھی کہہ سکتے ہیں کہ سکیورٹی رسک ہے، دراصل یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں اور دھاندلی کے باوجود بھی ہمیں نہیں ہرا سکتے۔