سپریم کورٹ نے ریلوے نظام کی بحالی کا جامع پلان طلب کر لیا
شائع شدہ تاریخ 09 جنوری, 2023
سپریم کورٹ نے ریلوے نظام کی بحالی کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریلوے پاکستان کی لائف لائن ہے سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری عام آدمی کی بڑی خدمت ہو گی، یہی ریلوے نظام پڑوسی ملک میں چل سکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریل گاڑی جس بھی اسپیڈ سے چلے منزل پر پہنچا ہی دیتی ہے، ریلوے پاکستان کی لائف لائن ہے۔ سپریم کورٹ نے ریلوے نظام کی بحالی کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ریلوے کو منافع بخش بنانے کا جامع پلان عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 23 جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کردی۔