سندھ ہائیکورٹ، پی ٹی آئی کی این اے 237 میں الیکشن کا نتیجہ روکنے کی درخواست مسترد

شائع شدہ تاریخ 20 اکتوبر, 2022
سندھ-ہائیکورٹ،-پی-ٹی-آئی-کی-این-اے-237-میں-الیکشن-کا-نتیجہ-روکنے-کی-درخواست-مسترد

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی شہرِ قائد کے حلقہ این اے 237 میں ضمنی الیکشن کا نتیجہ روکنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف نے این اے 237 میں ضمنی انتخاب کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے مدِ مقابل پی پی پی امیدوار حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج کی اور حلقے کے انتخاب کا نتیجہ روکنے کی استدعا کی۔ پی ٹی آئی وکیل کا سندھ ہائیکورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم جب الیکشن کا نتیجہ روکنے کی درخواست لے کر گئے تو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے ہی دروازے بند کرلیے۔  سندھ ہائیکورٹ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور ہدایت کی ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 237 کا نتیجہ روکنے کیلئے اپنی درخواست الیکشن ٹریبونل کو دیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل تحریکِ انصاف سندھ کے صدرعلی زیدی نے حکیم بلوچ کی کامیابی کو چیلنج کرنے کیلئے ڈاکٹر شہاب امام ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں علی زیدی نے مؤقف اپنایا ہے کہ این اے 237 میں پیپلز پارٹی کارکنان نے جعلی ووٹ ڈالے۔ ہم نے دھاندلی کی شکایات الیکشن کمیشن سے کیں۔شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔