رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے
شائع شدہ تاریخ 09 جون, 2022
کراچی : رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے، ایم پی اے پی ٹی آئی جمال صدیقی نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ، ایم پی اے پی ٹی آئی جمال صدیقی نے تٖصدیق کی کہ ملازم نے کہا ہے ایم این اے عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملازم کمرے کے اندر گئے تو ڈاکٹر عامر لیاقت بیہوش تھے، ملازم نے ڈاکٹر عامرلیاقت کو اسپتال منتقل کیا ،ان کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا، جس کے باعث ممکن ہے ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبرکی تصدیق کی۔ ترجمان اسپتال نے بتایا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ کا تعین کیا جارہاہے، ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کیسے ہوئی، طبی معائنہ جاری ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پہنچ گئے جبکہ کرائم سین یونٹ کی ٹیم بھی ڈاکٹر عامرلیاقت کے گھر پرموجود ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا تھا کہ ہمیں ریسکیو حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی ،عامر لیاقت کا گھر بریگیڈ تھانے کی حدود میں ہے ،ڈاکٹر رپورٹ کے بعد ہی مزید بتا سکیں گے، پولیس کی ایک ٹیم اسپتال اور دوسری گھر پہنچ رہی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا افسوسناک خبر ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے، ایوان کی کاروائی فوری روکنی چاہیے، جس کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ خیال رہے ڈاکٹرعامر لیاقت حسین 5جولائی 1971کو پیداہوئے تھے اور 2018میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔