روڈ ٹرانسپورٹ منصوبہ، پاکستان اور روس نے معاہدے پر دستخط کردئیے
شائع شدہ تاریخ 19 نومبر, 2022
اسلام آباد: پاکستان اور روس نے روڈ ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت بڑے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین سامان کی ترسیل اور سفر آسان ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود نے روس کے وزیرِ ٹرانسپورٹ وٹالی سیویلیف سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان اور روس کے مابین عالمی روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدہ دونوں ممالک کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین سڑک کے ذریعے سفر اور سامان کی ترسیل آسان ہوگی جبکہ روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹ آپریشنز بھی کیے جاسکیں گے۔ پاکستان اور روس کے وزراء نے معاہدے کی شرائط پر اتفاق کرلیا۔ وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود اور روسی وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مابین آپریشنل طریقہ کار پر اتفاق اور نفاذ کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاقِ رائے پایا گیا۔ مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ روس تکنیکی طور پر ایک ترقی یافتہ ملک ہے۔ وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین روڈ ٹرانسپورٹ کا معاہدہ عالمی تجارتی و عوامی روابط کو فروغ دینے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ روس یوکرین جنگ جلد اختتام کو پہنچے گی۔ خطے کا امن بحال ہونے کے بعد تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔