رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان
شائع شدہ تاریخ 11 مارچ, 2023
ملک بھر میں ایک ہی دن روزے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں طلب کر لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 مارچ 29 شعبان المعظم کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوگی۔
دوسری جانب سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ امید ہے اس مرتبہ ماہ رمضان کا چاند متفقہ ہوگا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ صوبوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔
آفتاب درانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش نہیں کرتی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز ہوں گے۔