راولپنڈی ٹیسٹ: قومی ٹیم مشکلات کا شکار
شائع شدہ تاریخ 06 فروری, 2021
راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد مشکلات کا شکار ہے۔ قومی ٹیم نے 76 رنز بنا لیے ہیں جب کہ کپتان بابراعظم سمیت ٹیم کے پانچ اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ اس وقت پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 146 رنز کی برتری حاصل ہے۔ محمد رضوان اور فہیم اشرف کریز پر موجود ہیں۔ قبل ازیں قومی ٹیم کے گیند باز حسن علی کی شاندار گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ جنوبی افریقہ نے تیسرے روز کا آغاز 106 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر کیا کہ دن کی پہلی ہی گیند پر پروٹیز کپتان شاہین شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ڈک کاک کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹیل اینڈرز نے تھوڑی بہت مزاحمت دکھائی تاہم حسن علی کی ریورس سوئنگ کے آگے زیادہ دیر نہ ٹک سکی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 145 رنز سے کھیل شروع کیا تو قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم دوسری گیند پر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد نائب کپتان محمد رضوان فواد عالم کا ساتھ دینے آئے تاہم قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ بھی جلد گر گئی جب فواد عالیم 45 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ بھی جلد گر گئی جب محمد رضوان 18 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے، ساتویں وکٹ کے لیے فہیم اشرف اور حسن علی نے 31 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم حسن علی مہاراج کے ہاتھوں 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف 78، بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نورجے اور مہاراج تین تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز کا کھیل پاکستان کی جانب سے 145 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کیا گیا۔ پہلے روز کا کھیل بارش کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کا ٹاپ آرڈر نہیں چل سکا تھا۔ اوپنر عمران بٹ 15، عابد علی چھ اور اظہر علی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے تھے۔ بائیس رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے پاکستان کی بکھرتی بیٹنگ کو سنبھالا تھا۔ بارش کے باعث پہلے روز 58 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔