دفترخارجہ کی ارشد شریف کو یواے ای سے نکالنے کیلئے خط کی تردید
شائع شدہ تاریخ 29 اکتوبر, 2022
دفترخارجہ کی دو ٹوک تردید سے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق ایک اور بے بنیاد پروپیگنڈا دم توڑ گیا۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران عاصم افتخار نے واضح کردیا کہ پاکستان نے ارشد شریف کو یو اے ای سے نکالنے کیلئے کوئی خط نہیں لکھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ارشد شریف کا قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا کہا پاکستان اور کینیا کے درمیان باہمی قانونی تعاون کا معاہدہ موجود نہیں لیکن پھر بھی تحقیقات کیلئے مسلسل رابطہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیا میں موجود پاکستانی انکوائری کمیٹی سے ہائی کمیشن مکمل تعاون کررہا ہے۔ حساس معاملے پر تبصرے کرنے والوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دے دیا۔ عاصم افتخار نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹرز پر حملے کی شدید مذمت بھی کی اور اصولی مؤقف دہرایا کہ کشمیر پر بھارت کی پوزیشن غیر قانونی اور ناجائز ہے۔ فیٹف کے حوالے سے دفترخارجہ نے کہا پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کی مخالفت کرکے بھارت ایف اے ٹی ایف میں تنہا رہ گیا۔ عاصم افتخار نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ یکم نومبر کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے۔