حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھوں گا، عمران خان
شائع شدہ تاریخ 03 اپریل, 2023
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک غیر ملکی ٹی وی چینل اردو نیوز کو انٹرویو میں دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن کو چور اور کرپٹ کہتا ہوں ان کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا، اگر بات چیت ہوئی تو پارٹی کے دیگر اراکین کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ 90 روز میں انتخابات ہیں۔ ابھی انتخابات نہیں ہوئے تو اکتوبر میں انتخابات کے امکانات کم ہیں۔ اگر مذاکرات ہوئے تو صرف الیکشن کے معاملے پر ہوں گے، انتخابات کی طرف نہیں جاتے تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں تاہم انتخابات پر بات کرنے کو تیار ہوں، اپنے مفادات کیلیے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا نواز شریف کی پرانی روش ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا مطلب ہے کہ ملک میں آئین و قانون ختم ہوگیا لیکن پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ہماری نشستیں جان بوجھ کر کم کی گئیں تاکہ کنٹرول کیا جا سکے۔
عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے لوگوں کو کون لے کر گیا ہے۔