حکومت کا تحریک انصاف کے مہنگائی مخالف احتجاج پر شدید رد عمل
شائع شدہ تاریخ 20 جون, 2022
اسلام آباد: حکومت کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی 3 سے 16 فیصد کرنے والے انقلاب ٹی وی سکرین اور ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر میں ہی آ سکتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر سلسلہ وار ٹوئیٹس میں ترجمان حکومت مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف کو مہنگائی کے خلاف احتجاج پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی مسلط کرنے والے انقلاب کی باہر نکلنے کی ہمت نہیں ہےآپ جانتے ہیں یہ سب آپ نے کیا، اسی لیے آپ کا انقلاب ٹی وی سکرین سے باہر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ 43 ہزار ارب کا تاریخی قرضہ لینے والا انقلاب ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر اور سکرین پہ ہی آ سکتا ہے کشمیر فروشی کرنے والے ٹی وی سکرین اور معلق ہیلی کاپٹر انقلاب ہی لاسکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کو خونی مارچ کا اعلان کر کے خود ہیلی کاپٹر میں معلق رہے، ہیلی کاپٹر میں معلق انقلاب اب بنی گالہ میں دو جھنڈے لگا کر سکرین پہ بیٹھا ہے۔