حکومتی سرپرستی میں ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کیا جارہا ہے ،حسین محنتی
شائع شدہ تاریخ 10 مارچ, 2020
جماعت اسلامی کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک میں حکومتی سرپرستی میں ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کیا جارہا ہے ، کراچی: حج فارم میں عقیدہ ختم نبوت خانہ میں تبدیلی، نصاب تعلیم میں ترمیم اور بے حیائی کا فروغ اس کی واضح مثال ہے ، اسلامی جمعیت طلبہ باکردار وصالح نوجوانوں کی تنظیم ہے ، جمعیت تعلیمی اداروں میں پرامن ماحول، طلبہ کے اندر دینی شعور کو اجاگر اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے تاکہ قائد ؒ کا اسلامی فلاحی اور جمہوری مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں محمد محسن گھمرو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان اللہ کا انعام اور امید پاکستان ہے، صوبائی امیر نے جمعیت کے وفد پر زور دیا کہ وہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول،پرامن فضا بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر طلبہ یونین بحال کرکے طلبہ کو جمہوری وآئینی حق دے۔