حجاب کھینچنا شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے: ترجمان دفتر خارجہ
شائع شدہ تاریخ 18 دسمبر, 2025
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت میں مسلم خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور اس کا مذاق اڑانا قابل مذمت ہے، یہ واقعات بھارت میں اسلاموفوبیا اورعدم برداشت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مسلم خواتین کی تذلیل کو معمول بنانا تشویشناک رجحان ہے، پاکستان اقلیتوں کے حقوق اورانسانی وقارکے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے، بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے خاتون کا حجاب کھینچنا شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے، 7 دسمبر کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک کمی بیشی ریکارڈ کی گئی اور بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنا انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے بھارت سے وضاحت طلب کرلی ہے کیونکہ زرعی سیزن میں دریا کے بہاؤ سےچھیڑ چھاڑ عوامی زندگی اورغذائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔