جمہوریت سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت ، امریکا کا ردعمل آگیا
شائع شدہ تاریخ 31 مارچ, 2023
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی جانب سے جمہوریت سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں شرکت نہیں کر رہا۔
نائب ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود مختار ملک ہے، اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے اور یہ کوئی ایس بات نہیں کہ ہم پاکستان کے ساتھ کام نہ کریں۔
ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عدم شرکت کا فیصلہ امریکاکی تعلقات جاری رکھنے کی خواہشات متاثرنہیں کرےگا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا بے شمار معاملات پر رابطہ کاری کرتے ہیں، پاکستان کے ساتھ جمہوریت، انسانی حقوق، مذہبی آزادی پر رابطے جاری رہیں گے،پاکستان کےساتھ سیکورٹی معاملات پر بھی اہم شراکت داری ہے۔
خیال رہے امریکا میں دوسری جمہوریت سربراہی کانفرنس جاری ہے، کانفرنس میں دنیا بھر سے ایک سو پچیس ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہیں۔۔ کانفرنس کا عنوان ‘میڈیا کی آزادی، جمہوریت کے اقدار کا فروغ ہے’۔
پاکستان نے دعوت نامہ ملنے کے باوجود کانفر نس میں شرکت نہیں کی، پاکستان کی عدم شرکت کے سوال پر امر یکی محکمہ خارجہ نے تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، پاکستان وسیع تر مسائل پر مل کر کام کرتے ہیں، ہم جمہوریت، انسانی حقوق اور مذہبی آزادی پر بات جاری رکھیں گے۔