جماعت اسلامی نے بھی الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دے دیا
شائع شدہ تاریخ 24 مارچ, 2023
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔ مرکز اور صوبوں میں ایک تاریخ پر الیکشن کرانے کا اعلان کیا جائے اور الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو بلا کرایک تاریخ پر اتفاق کرائے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے سیاست، معیشت اور جمہوریت سب کو تباہ کردیا ہے اور ان کی وجہ سے لوگ آج آٹے کے لیے قطاروں میں کھڑے مر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں 30 اپریل کو صوبائی اسمبلی کے الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم دو روز قبل الیکشن کمیشن نے مذکورہ الیکشن شیڈول منسوخ کر دیا تھا۔
پی ڈی ایم حکومت نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کی تائید جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔