تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 مسافر جاں بحق

شائع شدہ تاریخ 31 اکتوبر, 2019
تیزگام-ایکسپریس-میں-آتشزدگی-سے-73-مسافر-جاں-بحق

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ نیوز کے مطابق کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا اور زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔ آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 73 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور 30 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے بتایا کہ تیز گام ٹرین کی ایئر کنڈیشنڈ اور بزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آتشزدگی ہوئی جن میں 209 مسافر سوار تھے۔ متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ آگ گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی ریسکیو ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر تبلیغی جماعت کے مسافروں کا گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی۔ حادثے کا شکار اکانومی کلاس کی دو بوگیاں امیرحسین اینڈجماعت کے نام سے بک کی گئی تھیں۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی آپریشن جاری ہے جس میں پاک فوج کے دستے بھی شریک ہیں جبکہ خان پور، لیاقت پور اور ریلوے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیزگام ایکسپریس کو حادثہ کراچی سے راولپنڈی جاتے ہوئے پیش آیا تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی جب کہ مسافروں نے ٹرین سے کود کر جانیں بچائیں۔