بیرونی سازش کی تحقیقات: پی ٹی آئی نے حکومت کا انکوائری کمیشن مسترد کر دیا
شائع شدہ تاریخ 06 مئی, 2022
پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی سازش کے الزام کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کے مجوزہ انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم صرف وہ کمیشن قبول کریں گے جو آزاد عدلیہ کے تحت ہو اور کمیشن کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔ وفاقی حکومت کے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست پر الزامات کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ فرح خان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس نہیں بنا سکے، الزام لگا نہیں رہے، پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن کا سربراہ ایسا شخص ہو گا جس پر کسی کو شک نہیں ہو گا۔